Time 05 اگست ، 2021
کھیل

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے پر غور

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے — فوٹو:فائل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے — فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  پی سی بی رواں ماہ کے آخر میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) سے رابطہ کرے گا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج جاری کیا ہے جس کے مطابق ون ڈے میچز راولپنڈی اور ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں شیڈول ہیں جبکہ سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے ہو گا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کا خواہش مند ہے اس سلسلے میں پی سی بی رواں  ماہ کے آخر میں کراؤڈ کی اجازت کے لیے این سی او سی سے رابطہ کرے گا اور اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

پی سی بی کی جانب سے  راولپنڈی اور  لاہور میں اسٹیڈیم کی کُل گنجائش کے نصف کے برابر تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کی جائے گی۔

اس کے علاوہ  بورڈ تجویز دے گا کہ تماشائیوں کو اسی صورت میں آنے کی اجازت دی جائے اگر وہ مکمل ویکسین شدہ ہوں اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانے والے تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دینے پر زور دیا جائے گا۔

پی سی بی کا ماننا ہے کہ اس وقت دنیا میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں تماشائیوں کو پروٹوکولز کے ساتھ اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جا رہی ہے اس لیے پاکستان میں بھی اس کی مشروط اور محدود اجازت دینی چاہیے۔

مزید خبریں :