14 فروری ، 2012
اسلام آباد… پہلی رائے شماری میں 20ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں متفقہ طورپرمنظورکرلی گئی ۔قومی اسمبلی میں ہونے والی پہلی رائے شماری میں کسی رکن نے مخالفت میں ووٹ نہیں دیا جبکہ دوسری رائے شماری میں ترمیم کی شق وارمنظوری دی جارہی ہے۔ اسپیکر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پہلی خواندگی میں ایوان کے245ارکان نے کھڑے ہوکر20ویں ترمیم کی حمایت میں ووٹ دیا ۔ قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے 20ویں ترمیم کا بل پیش کیا گیا ،بل پیش کرنے پر قائد حزب اختلاف چوہدی نثار نے مشاورت کے بغیر قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے پر اعتراض کیا جسے دور کرنے کے لئے ایوان کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک منظور کی گئی ہے اور اس کارروائی کو 15منٹ کے لئے موخر کردیا گیا ۔اسی دوران حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات ہو ئے،20ویں آئینی ترمیم میں مسلم لیگ(ن)کی مزیدترامیم شامل کرلی گئیں۔مذاکرات میں حکومت کی جانب سے خورشیدشاہ،نویدقمرشامل ہوئے،جبکہ اپوزیشن کی طرف سے چودھری نثار،زاہدحامداورایازصادق شریک ہوئے ،جس کے بعد پہلی رائے شماری میں 20ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں متفقہ طورپرمنظورکرلی گئی۔