21 اگست ، 2021
طالبان نے یونیفارم میں اپنی فوج کی ویڈیو جاری کردی۔
سوشل میڈیا پرجاری ویڈیو میں مسلح طالبان جنگجوؤں نے سفید لباس، کالے جوتے اور کالی بُلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی ہے اور ہاتھ میں اسلحہ لیےافغان صوبے زابُل کے شہر قلات کی سڑک پر مارچ کر رہے ہیں۔
آزاد ذرائع نے ویڈیو قلات میں بنائے جانے کی تصدیق کی ہے تاہم یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ یہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل طالبان کی اسپیشل فورسز یونٹ کی کابل میں گشت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جو عسکریت پسند گروہوں کی روایتی وضع قطع سے بالکل مختلف ہے۔
طالبان کی پہچان عام طور پر شلوار قمیض اور کندھے پر اے کے 47 لٹکائے جنگجوؤں سے ہوتی ہے مگر طالبان کی 'بدری 313' بٹالین فورس کا لباس بالکل مختلف ہے۔
اس یونٹ کو پہلے طالبان کی طرف سے پھیلائے جانے والے پروموشنل مواد میں دکھایا جاتا تھا مگر مبینہ طور پر یہ انتہائی تربیت یافتہ اور جدید ترین فوجی ساز و سامان سے لیس ہیں۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ طالبان نے اس بٹالین کے لیے سامان کہاں سے حاصل کیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ امریکی فوجی ہارڈ ویئر اور افغان فورسز کے زیر استعمال ہتھیاروں اور دیگر جنگی ساز و سامان ہے۔