23 اگست ، 2021
لاہور: پنجاب حکومت نے پارکوں میں خواتین اور فیملیز کی سکیورٹی کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی صوبے بھر میں پارکوں میں سکیورٹی کے لیے پرائیوٹ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود کاکہناہے کہ صوبے بھر میں پی ایچ اے کے پارکوں میں نجی کمپنیوں کے گارڈز کے پاس اسلحہ ، وائرلیس سیٹ اور گشت کے لیے موٹر سائیکلیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام پی ایچ ایز کو پارکوں میں کیمرے لگانے کی ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ پرانے کیمرے ایک مہینے میں ٹھیک کروائے جائیں گے ۔
آصف محمود نے بتایا کہ پارکوں میں خواتین اور فیملیز کے لیے ہفتے میں ایک دن جب کہ بڑے پارکوں میں خواتین کے لیے علیحدہ ایریا بھی مخصوص کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں یوم آزادی کے موقع پر پبلک پارکوں میں پیش آنے والے واقعات کے بعد پارکوں کی سکیورٹی سخت کی جارہی ہے۔