24 اگست ، 2021
پاکستان اسپورٹس بورڈ اپنی مدد آپ کے تحت کامن ویلتھ گیمز میں برانز(کانسی) میڈلز جیتنے والے ریسلرز کے پیچھے پڑگیا، انتظامیہ کو خط لکھ کرمیڈلز منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یہ ریسلرز پاکستان کی نمائندگی نہیں کرتے۔
متاثرہ ریسلرز محمد عمر اور سلیمان اسپورٹس بورڈ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
ریسلرز کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کو ویزا نہ ملنے پردونوں ریسلرزنے انفرادی طورپرشرکت کی اور میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمزانتظامیہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے خط کو مسترد کردیا اور میڈل منسوخ نہیں کیے۔
عدالت نے ریمارکس دیےکہ ریسلراپنی مدد آپ کے تحت باہرگئے،نہ فیڈریشن کا پیسہ لگا نہ خرچا ہوا اور نہ نقصان، آپ کے ملک کے لیے کام ہورہا ہے تو فیڈریشن کو کیا مسئلہ ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ اسپورٹس بورڈ دونوں ریسلرزکے ساتھ زیادتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے، درخواست نمٹادیتے ہیں لیکن اس معاملے کو ڈی جی اسپورٹس بورڈ میرٹ پردیکھیں اور معاملہ 30 روز میں حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔