Time 01 ستمبر ، 2021
پاکستان

امریکی انخلا کے دوران اسلام آباد ائیرپورٹ پر 450 پروازیں آپریٹ ہوئیں ، سی اے اے

امریکی انخلا کے دوران اسلام آباد ائیرپورٹ پر 450 پروازیں آپریٹ ہوئیں —فوٹو: فائل
امریکی انخلا کے دوران اسلام آباد ائیرپورٹ پر 450 پروازیں آپریٹ ہوئیں —فوٹو: فائل 

افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کی مہم کے دوران پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کا ائیرپورٹ انتہائی مصروف رہا ۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) کی رپورٹ کے مطابق  16 اگست سے 31  اگست کے دوران انخلا مہم کے دوران  اسلام آباد ائیرپورٹ پر 450 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ 

سی اے اے کے مطابق  انخلا مہم کی 450 پروازیں شیڈول پروازوں کے علاوہ ہیں۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انخلا مہم کی 450 پروازیں کابل کے علاوہ دنیا کے مختلف شہروں سے اسلام آباد پہنچیں جبکہ  انخلا مہم کے دوران افغانستان سے 25 ہزار سے زیادہ افراد اسلام آباد لائے گئے  جن میں اکثریت  ٹرانزٹ مسافروں کی تھی۔ 

سی اے اے  کی رپورٹ  کے مطابق  افغانستان سے آئے 3  ہزار سے زائد  افراد کو ائیرپورٹ سے باہر آنے کی اجازت دی گئی جبکہ  افغانستان سے نکالے گئے افراد کو مختلف ممالک میں پہنچایا گیا۔

 رپورٹ میں کہا  گیا ہے کہ انخلا مہم کے دوران امریکا، جرمنی، ترکی، مصر ،ہالینڈ اور بیلجیم سمیت ایک درجن سے زیادہ ممالک کی ائیرفورس کے طیاروں نے اسلام آباد میں لینڈ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ائیر ٹریفک کے انتہائی دباؤ کے باوجود پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نہایت عمدگی سے پروازوں کی رہنمائی کی۔

سی اے اے کی رپورٹ کے مطابق مختصر مدت میں سیکڑوں  پروازوں کی آمدورفت کے دوران اسلام آباد ائیرپورٹ پرکوئی نا خوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

 رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کابل سے اسلام آباد لائے گئے افراد میں فوجیوں ،سفارت کاروں اور مغربی باشندوں کے علاوہ امریکا اور نیٹو کیلئے کام  کرنے والے افغان باشندے شامل تھے۔

اس کے علاوہ   اسلام آباد ائیرپورٹ پر سی اے اے نے آپریٹرز اور مسافروں کو عمدگی سے خدمات فراہم کیں۔

مزید خبریں :