02 ستمبر ، 2021
لاہور میں ڈولفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئےخواتین ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ڈولفن فورس کے ترجمان کے مطابق 2 رکنی خواتین گینگ نے اکبر چوک ٹاؤن شپ میں واردات کی تھی جس کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملزمان کو موچی پورہ اسٹاپ پر گھیر لیا۔
ترجمان کے مطابق ڈولفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین ملزمان سے چھینی گئی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔
دوسری جانب پولیس ریکارڈکے مطابق لاہور میں ایک ہی روز میں چوری اور ڈکیتی کی 22 وارداتیں سامنے آئی ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق چوہنگ اور وحدت کالونی میں چور 2 گھروں سے 60 لاکھ لے اڑے جبکہ سمن آبا د، نشتر کالونی، ستو کتلہ، اسلام پورہ، شفیق آباد، گڑھی شاہو، گارڈن ٹاؤن، ما ڈل ٹاؤن اور نو اب ٹاؤن میں شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا۔ ادھر سبزہ زار، اقبال ٹاؤ ن اور ساندہ میں بھی چوری کی 2، 2 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
نشتر کالونی میں 21 اگست کو شہری کو اے ٹی ایم کیبن میں لوٹ لیا گیا، سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اے ٹی ایم کیبن میں کھڑا ہے، ماسک پہنے 2 ڈاکو وہاں گھس آئے اور شہری سے رقم، پرس،گاڑی کی چابی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری ممتاز کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔