04 ستمبر ، 2021
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے ارکان جاوید لطیف اوربرجیس طاہر کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جاوید لطیف کو 9 ستمبر کی صبح 11 بجے جبکہ برجیس طاہر کو 10 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ جاوید لطیف پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، ان پر 50 کروڑ روپے کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور شہزادسلیم کی سربراہی میں ن لیگی رہنماؤں کی طلبی کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما برجیس طاہر پر 30 کروڑ روپے کے اثاثے بنانے کا الزام ہے، ان کے پاس 30 کروڑ روپے کے اثاثوں کے حوالے سے کوئی جواز نہیں ہے۔
دوسری جانب جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ مجھے نیب کی جانب سے ابھی کوئی نوٹس نہیں ملا، نوٹس ملا تو نیب حکام کے سامنے ضرور پیش ہوں گا۔