13 ستمبر ، 2021
اسلام آباد: اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب کے دوران واک آؤٹ کردیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، چاروں صوبوں کے گورنرز اور ورزائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیرکے صدر، سروسز چیفس اور مختلف ممالک کے سفیر بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔
صدرِ مملکت عارف علوی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے آغاز پر ہی اپوزیشن اراکین نے ایوان میں شور شرابا شروع کردیا اور شدید احتجاج کیا۔
اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باعث صدر نے دوران صدر مملکت نے دوسری بار پانی پیتے ہوئے کہا کہ مجھے شروع میں زور زور سے بولنا پڑا۔
صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن اراکین نے مسلسل نعرے بازی کی اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے، اپوزیشن اراکین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر آزاد میڈیا پر حملہ نامنظور، لوگوں کا معاشی قتل بند کرو، میڈیا پر مارشل لاء مسترد اور پی ایم ڈی اے کو مسترد کیے جانے سے متعلق نعرے درج تھے۔
بعد ازاں اپوزیشن اراکین نے صدر مملکت کے خطاب کے دوران ہی ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔