Time 21 ستمبر ، 2021
پاکستان

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کویتی ائیرلائنز کے آپریشن پر پابندی کا عندیہ

کویت کیلئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کو فوری بحال کیا جائے ورنہ کویتی ائیرلائنز کے پاکستان آپریشن پر پابندی لگادیں گے، سی اے اے— فوٹو: فائل
کویت کیلئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کو فوری بحال کیا جائے ورنہ کویتی ائیرلائنز کے پاکستان آپریشن پر پابندی لگادیں گے، سی اے اے— فوٹو: فائل

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کو کویت کے فضائی آپریشن میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کے لیے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کو فوری بحال کیا جائے،  پی آئی اے کو اجازت نہ دی تو کویتی ائیرلائنز کے پاکستان آپریشن پر پابندی لگادیں گے۔

سی اے اے ترجمان کے مطابق کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کی کویت کیلئے پروازوں پر کووڈ کی وبا کے دوران پابندی عائد کر دی تھی لیکن اس دوران دو کویتی ائیر لائنز پاکستان کیلئے پروازیں آپریٹ کرتی رہیں۔

کووڈ کی صورتحال بہتر ہونے پر پاکستان سی اے اے نے کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو طرفہ معاہدے کے تحت پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کا کویت کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کیلئے خط لکھا جس کا کویتی حکام نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اب پاکستان سی اے اے نے 20 ستمبر کو مزید ایک خط کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لکھا ہے جس میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال نہ کرنے کی صورت میں کارروائی کرتے ہوئے کویتی ائیرلائنز پر پابندی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ 

پاکستان سی اے اے نے کویت سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یکم اکتوبر تک کا وقت دیا ہے اور کہا ہے کہ پی آئی اے کو کویت کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت نہ دینے پر کویت کی ائیرلائنز کی پروازوں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود کویتی پروازیں بلارکاوٹ پاکستان آرہی ہیں،  لیکن ہماری قومی ائیرلائن پی آئی اے کو کویت کے فلائٹ آپریشن کے لیے اجازت کی  درخواست پر تاحال عمل نہیں کیا گیا ، ہماری درخواست کو نظرانداز کیا گیا، خط کا جواب بھی نہیں دیا گیا، کویتی حکام پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں۔

مزید خبریں :