21 ستمبر ، 2021
کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اربعین کے موقع پر عراق جانے والے زائرین کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا۔
سول ایوی ایشن کے نئے ہدایت نامے کے مطابق ویکسین کی شرط 17 سال اور زائد عمر کے مسافروں پر لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت عراق جانے والے 17 سال سے کم عمر زائرین کو کورونا ویکسین سے استثنیٰ ہوگا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ زائرین کوپاکستان واپس آنے سے 48 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا، پاکستان واپسی پر ائیر پورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی ہوگا جب کہ 48 گھنٹے کا قرنطینہ بھی لازمی کرنا ہوگا۔
مسافر کو محکمہ صحت کے قرنطینہ سینٹر یا اپنے خرچے پر متعین کردہ جگہ پر قرنطینہ کرنے کی اجازت ہوگی، 24گھنٹے قرنطینہ کے بعد ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ ہوگا جو منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نیا ہدایت نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔