21 ستمبر ، 2021
بھارت نے افغانستان سے اسمگل ہونے والی تقریباً پونے 3 ارب ڈالرز مالیت ہیروئن پکڑلی۔
بھارتی حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ریاست گجرات کے مندرہ پورٹ پر 2 کنٹینرز کو سیل کیا ہے جس میں سے ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات 15 ستمبرکو ایران کی بندرعباس پورٹ سے بذریعہ کنٹینرز بھارت بھیجی گئی تھی جس کو خفیہ اطلاع پر قبضے میں لیا گیا، اس کھیپ کو مختلف اشیا میں استعمال ہونے والا ٹیلک پتھر کا پاؤڈر قرار دیا گیا تھا تاہم فارنزک ٹیسٹ میں ہیروئن کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برآمد شدہ ہیروئن کی مقدار 2988 کلو گرام ہے جس کی مالیت تقریباً 2 ارب 72 کروڑ ڈالرز ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کھیپ بھارتی شہر وجے واڑہ کی فرم نے منگوائی ہے جبکہ اب تک 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق متعدد افغان شہریوں کوحراست میں لیکرپکڑی گئی منشیات سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔