Time 25 ستمبر ، 2021
پاکستان

بااثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ، گرفتار افراد کو چھڑانے کیلئے تھانے پر حملہ

کراچی میں ایک  با اثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے پر گرفتار کیے گئے افراد کو چھڑانے کیلئے مشتعل افراد نے تھانے پر ہی حملہ کردیا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ایس پی ملیر دفتر کے نزدیک با اثر خاتون شکیلہ کے بھائی کی شادی تھی جوکہ خود کو پاکستان پیپلز پارٹی کا علاقائی رہنما ظاہر کرتی ہیں۔

شادی میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس پر پولیس 5 افراد کو حراست میں لے کر ایس پی ملیر آفس لے آئی۔

زیر حراست افراد کو چھڑانے کیلئے بارات میں شریک 50/60 مشتعل افراد نے ایس پی آفس پر حملہ کر دیا، شدید ہنگامہ آرائی کے دوران دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

حملہ آور 2 افراد کو پولیس کی حراست سے لے جانے میں کامیاب بھی ہوگئے جبکہ 3 کو حراست میں ہی رکھا گیا ہے۔

 پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور کہا ہے کہ حملے میں ملوث افراد لینڈ گریبنگ میں بھی ملوث ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ناراض بیوی پر شوہر نے تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا جس کے بعد متاثرہ خاتون کو طبی امداد کیلئے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔

خاتون کی مدعیت میں شوہر سمیت 3 ملزمان کیخلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ محمود آباد کازوے ندی سے کئی روز پرانی ڈوبی ہوئی مردانہ لاش برآمد کی گئی ہے جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :