15 فروری ، 2012
کراچی…ایک رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ دنیا کا مہنگا ترین جبکہ کراچی اور ممبئی سستے ترین شہر ہیں۔ یہ انکشاف اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ سالانہ جائزے میں مختلف ممالک کے 130 شہروں میں خوراک اور لباس سمیت اشیائے ضرورت کی قیمتوں کے علاوہ تعلیم، کرایوں اور دیگر معمولات زندگی پر آنے والے اخراجات کا موازنہ کیا جاتا ہے۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا کے 4 سستے ترین شہروں میں سے 3 برصغیر میں ہیں۔ ان میں کراچی ، نئی دہلی اور ممبئی شامل ہیں۔ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے زیورخ کو دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار دیا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کا یہ شہر گزشتہ سال پانچویں نمبر پر تھا۔ سوئٹزر لینڈ ہی کا شہر جنیوا تیسرا مہنگا ترین شہر ہے۔ گزشتہ سال مہنگا ترین شہر قرار دیئے گئے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کو اس سال دوسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔