Time 06 اکتوبر ، 2021
پاکستان

وزیراعظم کو بل گیٹس کا فون، پولیو کی روک تھام کی پاکستانی کوششوں کی تعریف

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس سال اب تک پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے لیکن پولیو سے نمٹنے کے لیےکوششیں ابھی جاری ہیں اور حکومت ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

بل گیٹس نے پولیو کی روک تھام کے لیےکوششوں پر وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی اور انہیں پولیو کے خاتمے کے لیے پروگرام اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

مائیکرو سافٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا خاتمہ بہت ضروری ہے اور اس کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا اور دونوں شخصیات نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں :