Time 13 نومبر ، 2020
پاکستان

آرمی چیف اور بل گیٹس کا پاکستان سے پولیو کے خاتمے تک ملکر کام جاری رکھنے کا اعادہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین بل اینڈ ملینڈا گیٹس بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے اور صحت کی سہولیات بہتر بنانے تک مل کر کام جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین بل اینڈ ملینڈا گیٹس بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان کے کورونا سے نمٹنے کے اقدامات اور انسداد پولیو مہم کی بحالی پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بل گیٹس نے انسداد پولیو مہم میں مقامی قائدین اور بااثر شخصیات کے ذریعے پولیو مہم کو مؤثر بنانے کے لیے پاک فوج کے تعاون کی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ اور قومی کوشش ہے، پولیو مہم کو  اس وقت کامیاب سمجھیں گے جب پاکستان میں کوئی بچہ اس سے متاثر نہیں ہو گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کی کامیابی کا سہرا نچلی سطح پر کام کرنے والے کارکنوں، موبائل ٹیمز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور طبی عملے کے سر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کے درمیان کورونا کے دوران مؤثر انسداد پولیو کی مہم کے امور پر بھی بات چیت کی گئی، بل گیٹس نے کورونا کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور وبا کے باوجود محفوظ پولیو مہم کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔

آرمی چیف اور بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے اور تمام بچوں کی صحت کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔

مزید خبریں :