پاکستان
19 اکتوبر ، 2012

ملالہ واقعہ پاکستان میں اہم تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے،امریکی اخبار

 ملالہ واقعہ پاکستان میں اہم تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے،امریکی اخبار

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…امریکی اخبار’بوسٹن گلوب‘ نے اپنے اداریے میں لکھا کہ ملالہ یوسف زئی حملہ پاکستان میں اہم تبدیلی کا موجب بن سکتا ہے۔ ملالہ کی حمایت میں لاکھوں لوگوں کا کراچی کی سڑکوں پر نکلنا امید کی کرن ہے ۔ سیاستدانوں نے ملالہ کو قوم کی بیٹی قرار دیا۔ماضی میں طالبان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے والے قدامت پسند علما بھی ملالہ حملے کی مذمت کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ ملالہ حملے کے خلاف شدید ردعمل ایک بڑی تحریک میں تبدیل ہو گا جو پاکستان کو ایک روشن مستقبل کی طرف لے جائے گاجیسے امریکا میں1964میں شہری حقوق کے سرگرم اراکین جیمز کینی،اینڈریو گڈمین اور مائیکل سکوورنر کے قتل نے لاکھوں امریکیوں کی نسل پرستی کی حقیقت کے متعلق آنکھیں کھول دیں اوریہی تحریک بعد میں شہری حقوق ایکٹ کی تشکیل کا موجب بنا۔اخبار نےملالہ اور اس کے والد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ جب طالبان اسکولوں کو بم دھماکوں سے اڑا رہے تھے اور بچیوں کے اسکول جانے سے روک دیا گیا اس وقت ضیاء الدین یوسف زئی ڈٹے رہے انہوں نے اسکول تو بند کردیا لیکن اپنا آبائی علاقے سے جانے سے انکا ر کردیا۔ وہ طالبان کے ہاتھ اپنا آبائی شہر جانے نہیں دینا چاہتا تھا۔انہوں نے 2009 میں ایک دستاویزی فلم میں کہا کہ میں انہیں دلدل سے نکالوں گا بھلے اس میں میری جان چلی جائے۔ 14سالہ ملالہ اپنے حقوق کی جنگ میں پہلے ہی کافی سرگرم تھی وہ ٹیلی ویژن اور عوامی جلسوں میں طالبان کی واپسی کے خوف اور لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کے متعلق کھل کر اظہار کرتی تھی۔ اس نے کہا تھا کہ طالبان اسے تعلیم سے نہیں روک سکتے۔اب ملالہ برطانوی اسپتال کے بستر پر پڑی ہے۔ اخبار سوال کرتا ہے کہ کیا پاکستان ایسے انتہاء پسندوں سے درگزر کرتا رہے گا جو بچوں کو قتل کرتے ہیں۔ ملالہ کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کسی افراتفری کی صورت حال سے دوچار ہے۔

مزید خبریں :