Time 15 اکتوبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

آڈیشن کیلئے نامناسب لباس کا مطالبہ کس نے کیا؟ حرا خان نے چیٹ لیک کردی

مذکورہ شخص نے نازیبا لباس پہن کر ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا کہا، حرا خان__فوٹو: انسٹاگرام
مذکورہ شخص نے نازیبا لباس پہن کر ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا کہا، حرا خان__فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل حرا خان سے ایک شخص نے شوبز انڈسٹری کے نامور ڈائریکٹر کا نام استعمال کرتے ہوئے رابطہ کیا اور ان سے آڈیشن کے لیے نامناسب لباس پہننے کا مطالبہ کیا۔

حرا خان نے کچھ روز قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس کے مطابق ڈائریکٹر نے ان سے نامناسب آڈیشن کا مطالبہ کیا، وہ ڈائریکٹر انہیں نجی مقام پر بلاکر آڈیشن دینے کا کہتا رہا جب کہ اس نے غیر اخلاقی لباس پہن کر ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا بھی کہا۔

تاہم واقعے کی تصدیق اور حقیقت جاننے کیلئے جیو ویب نے حرا خان سے رابطہ کیا اور معاملے کی تہہ تک جانے کی کوشش کی۔

حرا خان کی جیو ویب سے خصوصی بات چیت

اداکارہ نے جیو کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا رابطہ جس شخص سے ہوا تھا، دراصل وہ ڈائریکٹر نہیں تھا، وہ بس اصل ڈائریکٹر کا نام استعمال کرکے لڑکیوں کو استعمال کررہا تھا۔

حرا نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ’ڈرامے کے سیٹ پر ساتھی اداکارہ نے ایک نمبر دیا اور کہا کہ ان ڈائریکٹر کے ساتھ میں پہلے کام کرچکی ہوں، یہ نئے چہروں کی تلاش میں ہیں، ان سے رابطہ کرو لیکن دراصل وہ اداکارہ بھی نہیں جانتی تھیں کہ ان سے فیک اکاؤنٹ کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے اور وہ جسے ڈائریکٹر سمجھ رہی ہیں وہ کوئی اور ہے‘۔

حرا خان نے کہا کہ ’اس شخص سے میرا رابطہ 9 اکتوبر کو رات گئے ہوا، وہ شخص مجھ سے کافی پراعتماد لہجے میں بات کررہا تھا، انسٹاگرام پر اس کی فالوونگ بھی کافی زیادہ تھی، کہیں سے نہیں لگ رہا تھا کہ وہ کوئی فیک اکاؤنٹ ہے، میری اس شخص سے بات شروع ہوئی اور فون کال 20 منٹ طویل ہوگئی‘۔

بات سمجھ نہ آنے پر میں نے کچھ وقت میں جواب دینے کا بہانہ کرکے فون بند کردیا
بات سمجھ نہ آنے پر میں نے کچھ وقت میں جواب دینے کا بہانہ کرکے فون بند کردیا

انہوں نے بتایا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ گفتگو کس سمت میں جارہی ہے، مجھ سے بار بار نامناسب لباس پہن کر آڈیشن دینے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، اس شخص نے یہ بھی کہا کہ آپ کا آڈیشن میں خود ریکارڈ کروں گا‘۔

حرا نے مذکورہ شخص سے ہونے والی گفتگو کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’وہ شخص مجھ سے کہہ رہا تھا کہ ڈرامے میں لیڈ رول حاصل کرنے کیلئے اپنی جگہ بنانی پڑتی ہے، بہت کچھ کرنا پڑتا ہے، مجھے ان کی یہ بات سمجھ نہیں آئی اور میں نے کچھ وقت میں جواب دینے کا بہانہ کرکے فون بند کردیا‘۔

اداکارہ نے کہا کہ ’اس سے پہلے کبھی کسی نے اس قسم کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور نا ہی کسی نے مخصوص طرز کے کپڑوں کی فرمائش کی، میں کافی شش و پنج میں مبتلا تھی کیونکہ ڈائریکٹر کا نام کافی بڑا تھا اور دوست نے نمبر دیا تھا جب کہ ان کا لب و لہجہ بھی کافی غیر معمولی تھا‘۔

حرا نے بتایا کہ ’میں نے کال بند کرکے انہیں میسج کیا اور کہا کہ جو آپ چاہتے ہیں میں وہ نہیں کرسکتی، علاوہ ازیں اگر آپ کو میری اداکارانہ صلاحیت جاننے کیلئے کسی قسم کے ویڈیو کلپ کی ضرورت ہے تو وہ آپ کو دے دوں گی‘۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی چیٹ کے اسکرین شاٹ
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی چیٹ کے اسکرین شاٹ

حرا نے کہا کہ ’میں نے جان بوجھ کر کال بند کرکے میسج کا انتخاب کیا کیونکہ مجھے یقین تھا کہ میری کال کا کوئی بھروسہ نہیں کرے گا، بعدازاں مجھے شک ہوا کہ کہیں یہ واقعی وہی ڈائریکٹر نہ ہوں جن کے نام پر اکاؤنٹ تھا، میں نے ایک دو ڈائریکٹرز سے ان کا نمبر لیا بغیر کسی کو بتائے کہ ماجرا کیا ہے، تصدیق کرنے پر پتا چلا کہ واقعی وہ ایک فیک اکاؤنٹ تھا‘۔

اداکارہ نے جیو ویب سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’انسٹاگرام پر پوسٹ لگانے کے بعد مجھے متعدد لڑکیوں نے میسجز کیے اور بتایا کہ انہیں بھی اداکاری کا جھانسہ دے کر ایسے مطالبات کیے گئے تھے کہ ہمیں کیٹ واک کی تصاویر بھیجیں، ڈانس کرکے دکھائیں جب کہ تمام نمبرز پاکستانی ہیں‘۔

اداکارہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید یہ کوئی گروپ ہے جو لڑکیوں سے ایسی غیر اخلاقی حرکات و سکنات کرواکے ان کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرتا ہے، اس قسم کا واقعہ پہلے بھی ہوچکا ہے۔

حرا نے ایک بڑے چینل کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے کاسٹنگ ہیڈ کے نام پر فیس بک اور انسٹاگرام پر ایک فیک اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اور اس سے بھی مجھے پیغامات موصول ہوئے تھے لیکن ان کا مجھے اس لیے پتا چل گیا تھا کیونکہ ان کے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس سارے واقعے کی شکایت انہوں نے سائبر کرائم میں درج کروادی ہے۔

مزید خبریں :