Time 16 اکتوبر ، 2021
پاکستان

کراچی میں پولیس مخبروں کو گھروں میں لوٹ مار کیلئے استعمال کرنے لگی

کراچی میں زمان ٹاؤن اور لانڈھی تھانے کی پولیس مخبروں کو ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے گھروں میں لوٹ مار کے لیے استعمال کرنے لگی۔

کورنگی میں لوگوں کے ہتھے چڑھنے والے مخبر نے سارا پول کھول دیا اور بتایا کہ اس نے زمان ٹاؤن تھانے کے اسپیشل پارٹی انچارج عثمان کے ساتھ کام کیا ہے، لانڈھی تھانے کے جعلی پولیس اہلکار بھی گھروں میں چھاپے مارتے ہیں۔

مخبر کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران پولیس اہلکار قیمتی چیزیں لوٹتے تھے اور گھروں سے محنت کش افراد کو حراست میں لے کر راستے میں ہی جوڑ توڑ کرکے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک لے کر چھوڑ دیتے تھے۔

مخبر نے مزید بتایا کہ عابد بھایا ان کا سرغنہ ہے جو کہ انہیں پولیس پارٹیوں کے ساتھ بھیجتا ہے، تنویر،عبدالرحمان،عادل سمیت دیگر مخبر عابد بھایا کے لیے کام کرتے ہیں اور ہر چھاپے کے بعد ہمیں 5 ہزار روپے ملتے تھے۔

ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے مخبر کی تلاش جاری ہے، اس ویڈیو سے منسلک افسران اور اہلکار اب ضلع کورنگی میں نہیں ہیں۔ 

ویڈیو سے سابق ایس ایچ او لانڈھی سب انسپکٹر احمد خان نیازی ، سابق ایس ایچ او زمان ٹاؤن ملک عامر اور اہلکار عثمان اکبر منسلک ہیں جب کہ احمد خان نیازی کو اگست کے مہینے میں معطل کردیا گیا اور ان کے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔

ملک عامر کو بھی ڈی آئی جی ایسٹ نے ستمبر میں ڈسمس کردیا ہے جب کہ پولیس اہلکارعثمان اکبر گلشن اقبال سے ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کے کیس میں گرفتار ہوا اور اب جیل میں ہے۔

مزید خبریں :