19 اکتوبر ، 2012
کراچی… بلال احمد…شہر میں ٹریفک اور خودکشی کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت ۳ افراد ہلاک اور ۳ زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ایک کے ایریا میں تیز رفتار ہائی لکس KE.7172بے قابو ہو کر سڑک عبور کرنے والی عمررسیدہ خاتون 62سالہ تلسی زوجہ مونا جی کو کچلتی ہوئی سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی۔جس کے نتیجے میں اس پر سوار 3پولیس اہلکار ارسلان ولد عبدالرحمن،30سالہ آصف ولد ادیب الرحمن اور 31سالہ عبداللہ زخمی ہو گئے ۔حادثے کے رونما ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی ۔جنہوں نے فوری طور پر نعش اور زخمیوں کو پرائیوٹ گاڑیوں اور ایمبولینس کے زریعے جناح اسپتال منتقل کردیا ۔اسی دوران مشتعل افراد نے حادثے کی ذمہ دار گاڑی کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈرائیور کو عوام کے چنگل سے نکال کر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا ۔پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کورنگی ایس ایریا کی رہائشی تھی اور اپنے گھر سے دوا لینے کے لیے نکلی تھی ۔جبکہ ذخمی اہلکار پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں تعینات تھے اور ٹریننگ کرنے کے بعد واپس اپنے گھر جارہے تھے۔پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لینے کے بعد ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔مزید براں کلری تھانے کی حدود ماڑی پور روڈ پر نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 30سالہ فیصل خان ولد عطا محمد جاں بحق ہو گیا ۔متوفی لیاری کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن باتھ آئی لینڈ میں واقع جی او آر اپراپارٹمنٹس میں رہائش پزیر 28سالہ جاوید علی ولد غلام اصغر نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق متوفی کے ورثاء کا کہنا ہے متوفی نفسیاتی مریض تھا اور اسکا علاج چل رہا تھا ۔ متوفی پیشے سے ڈرائیور تھا ایک بچے کا باپ اور آبائی تعلق خیر پور سے تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہمنے لاش کا پوسٹ مارٹم کروالیا ہے اور ابتدائی طور پر واقعہ خود کشی ہی معلوم ہوتی ہے۔