کھیل
Time 21 اکتوبر ، 2021

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ :بنگلادیش نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے مرحلے میں بنگلادیش نے پاپوا نیوگنی کو  یکطرفہ مقابلے کے بعد  84 رنز سے شکست دیکر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

مسقط میں کھیلے گئے  میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

بنگلا دیش کی جانب سے محمود اللہ نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جب کہ شکیب الحسن 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاپوا نیوگنی کی جانب سے کابووا موریا، ڈیمئن راوو اور کپتان اسد والا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سائمن اٹائی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

182 رنز کے تعاقب میں  پاپوا نیوگنی کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بنگلادیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 پاپوا نیوگنی کا کوئی بھی بیٹمسین بنگلادیشی بولرز کا سامنا نہ کر سکا اور اس کے 9 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

 پاپوا نیوگنی کے کپلن دوریگا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 میں جگہ بنانے کیلئے 8 ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں جبکہ ہرگروپ سے 2 ،2 ٹیموں نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

خیال رہے کہ اب تک گروپ اے سے سری لنکا جبکہ گروپ بی سے بنگلادیش نے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔

مزید خبریں :