25 اکتوبر ، 2021
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاک فوج کے اداروں کے سربراہوں کے خلاف نعرے قومی مفاد کےخلاف ہیں ، فیصل آباد میں جس نے نعرے لگائے اس کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں۔
لاہور میں رفاہی تنظیم کی تقریب سےخطاب اور میڈیاسےگفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے مضبوط فوج ناگزیرہے، ادارے میں پوسٹنگ ٹرانسفر ان کا اپنا معاملہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں جو نعرے لگےاس کامسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں، نہ وہ پارٹی کا کارکن تھا نہ ہی کوئی عہدیدار۔
اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں خارجی و داخلی معاملات طے ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے سلیکٹڈ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو تالا لگا رکھا ہے، ہر چیز صدارتی آرڈیننس سے چلائی جا رہی ہے ، معیشت کوبرباد کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ ہے، اپوزیشن نے اس کے خلاف کمر کس لی ہے۔