15 جنوری ، 2012
لاہور…دنیا کی کم عمرترین آئی ٹی ماہرارفع کریم کی نماز جنازہ آج صبح لاہور میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں، فوجی افسران اورلوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم کو چھبیس روز پہلے مرگی کا دورہ پڑا، جس کے بعد کومے میں چلی گئیں۔ سی ایم ایچ لاہور میں ان کا علاج ہوتا رہا تاہم گزشتہ رات وہ خالق حقیقی سے جا ملی۔ ارفع کریم کی نماز جنازہ کیولری گراوٴنڈ کی خالد مسجد میں ادا کی گئی،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی،لوگ ایک دوسرے کے ساتھ گلے مل کر تعزیت کرتے رہے۔ ارفع کریم کے تابوت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیاتھا،نماز جنازہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارفع کے والد امجد کریم رندھاوا سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ارفع کے جسد خاکی کو کندھا بھی دیا اور میت ایمبولینس تک پہنچائی۔ جنازہ کے موقع پر ارفع کے والدین انتہائی غمزدہ تھے۔ارفع کے کلاس فیلوز کی بڑی تعداد بھی اس کے آخری دیدار کے لئے مسجد میں موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ارفع بہت خوش مزاج اور قابل لڑکی تھی۔نماز جنازہ میں شریک سیاسی رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ ارفع پوری قوم کی بیٹی تھی۔ اس کے چلے جانے سے قوم ایک ذہین بچی سے محروم ہو گئی۔ارفع کریم کا آخری دیدار کرنے کیلئے خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی ارفع کے انتقال پر گہرے دکھ وغم کااظہار کیا ہے۔