Time 07 نومبر ، 2021
کھیل

سرکاری ٹی وی نے شعیب اخترکو ہرجانےکا نوٹس بھیج دیا

سرکاری ٹی وی چینل نے فاسٹ بولر شعیب اختر کو ہرجانےکا نوٹس بھیج دیا ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس سے مجموعی طور پر 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا ہرجانہ طلب کیا گیا ہے، نوٹس کے مطابق شعیب اختر نے بتائے بغیر دبئی جا کر بھارتی کرکٹر کے ساتھ شو کیا جس سے سرکاری ٹی وی کو نقصان ہوا ۔

نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ورلڈکپ کے دوران آپ غیر حاضر رہے ، نوٹس پیریڈ کے بغیر استعفیٰ دینے پر 3 ماہ کی تنخواہ 33 لاکھ روپے ادائیگی کا بھی شعیب اختر سے مطالبہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 100ملین روپےکی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شعیب اختر نے بھی سرکاری ٹی وی کو جوابی نوٹس بھیجنے کے لیے وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو سرکاری ٹی وی پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز  نے ویوین رچرڈز اور ڈیوڈ گاور سمیت دیگر مہمانوں کے سامنے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔

شعیب اختر نے معاملےکو رفع دفع کرنےکی کوشش کی لیکن جب بات نہ بنی تو شعیب اختر ناصرف شو چھوڑ کر چلے گئے بلکہ انہوں نے پی ٹی وی سے معاہدہ بھی ختم کرنےکا اعلان کیا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ایم ڈی پی ٹی وی کررہے ہیں جنہوں نے گذشتہ دنوں  معاملےکی ابتدائی رپورٹ بھی وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو دے دی ہے۔

مزید خبریں :