Time 08 نومبر ، 2021
پاکستان

پاکستان افغانستان میں امن کیلئےکردار ادا کرتا رہیگا، پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں  اعلیٰ عسکری حکام کی سیاسی و پارلیمانی قیادت کو اہم خارجہ امور ، داخلی سلامتی، اندرونی و بیرونی چیلنجز ، خطے میں تبدیلیوں خصوصاً تنازع کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس ہوا۔

اعلیٰ عسکری حکام نے ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت، ارکان پارلیمنٹ ، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت کو اہم خارجہ امور، داخلی سلامتی، اندرونی و بیرونی چیلنجز، خطے میں تبدیلیوں خصوصاً تنازع کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

اعلامیےکے مطابق اجلاس کو بتایا گیا پاکستان افغان عوام کی حمایت اور تائید جاری رکھے گا اور افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ موجودہ حالات افغانستان میں کسی اور انسانی و معاشی بحران کو جنم نہ دیں، اس سلسلے میں پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی ہے، پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام اور خطے میں امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔

اجلاس میں پاک افغان سرحد پر بارڈر کنٹرول سسٹم کے بارے میں بھی بتایا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان اور افغانستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔

 اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے۔ 

مزید خبریں :