Time 10 نومبر ، 2021
پاکستان

حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کیوں مؤخر کیا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات بل پر حکومت اوراتحادیوں میں اتفاق رائے نہ ہونے پرمشترکہ اجلاس ملتوی کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے بعد حکمران جماعت میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اختلاف ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیردفاع پرویز خٹک نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر قانون سازی کا مشورہ دیا اور وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ اتحادی جماعتیں اس بل پر راضی نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اتفاق رائے نہیں، حکومت کو خدشہ تھا کہ مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل پاس نہیں ہوسکے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل کی کھل کر مخالفت کی۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے 11 نومبر کو بلایا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مؤخر کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو، اتفاق رائے کے حوالے سے اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہےتاکہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے۔

مزید خبریں :