23 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پٹرولیم قیمتوں کے ماہانہ جائزے کی سمری پیش نہیں ہوسکی، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی ماہانہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے حوالے سے غور کیا جانا تھا تاہم اس حوالے سے جائزہ نہیں لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم کے مطابق مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کے حق میں ہے اور اس حوالے سے ایک رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار قیمتوں کا تعین عوام کے فائدے میں ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں ماہانہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے حوالے سے قرار داد منظور کر چکی ہے۔ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کھادکارخانوں کیلئے علیحدہ گیس پائپ لائن کی منظوری دیدی ہے،پائپ لائن کی تعمیرپر40کروڑڈالرخرچ ہونگے۔ای سی سی اجلاس میں موٹرسائیکل کی درآمدکیلئے مراعات کی بھی منظوری دی گئی جس کے نتیجہ میں جاپانی کمپنی کوموٹرسائیکل کے آلات کی درآمدپرٹیکس چھوٹ ملے گی۔ اجلاس میں پی آئی اے کیلئے 6.1ارب رو پے کی بینک گارنٹی بھی منظور کی گئی۔