28 نومبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومی کرون‘ کے پھیلاؤ کے پیش نظر جنوبی افریقا میں فلائٹ آپریشن کی بندش کی وجہ سےکل پاکستانی اسکواڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ورنن فلینڈر پیر اور منگل کی درمیانی شب بنگلا دیش سے جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں بنگلادیش کے خلاف 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے اور ابتدائی طور پر ورنن فلینڈر نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد یکم دسمبر کو ڈھاکا سے کیپ ٹاؤن روانہ ہونا تھا۔
تاہم کورونا کے نئے ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر جنوبی افریقا میں فلائٹ آپریشن کی بندش کی وجہ سے ورنن فلینڈر کل پاکستانی اسکواڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومی کرون‘ کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان نے جنوبی افریقا سمیت 6 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردیں۔
اس کے علاوہ برطانیہ ،امریکاکینیڈا، فرانس ، جرمنی ،اٹلی ،ہالینڈ ،آسٹریا اور یورپی یونین نے بھی کورونا کے نئے وارینٹ کے خطرے کی وجہ سے افریقی ممالک پرسفری پابندیاں لگائی ہیں۔