01 دسمبر ، 2021
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت کے 136ہندو یاتریوں کو پاکستان میں مذہبی مقامات کے دورےکےلیے ویزے جاری کردیے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے اعلامیےکے مطابق بھارت کے ہندو یاتریوں کو شادانی دربار سندھ کے لیے ویزے جاری کیےگئے ہیں۔
اعلامیےکے مطابق بھارت کے ہندو یاتریوں کا گروپ 4 سے 15 دسمبر 2021 تک سندھ میں شادانی دربار حیات پتافی میں شادارم صاحب کے 313 ویں جنم دن کے موقع پر تقریبات میں شرکت کےلیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ شادانی دربار تین سو سال سے زائد پرانا مندر ہے جو دنیا بھر کے ہندوؤں کے لیے مقدس مقام ہے، یہ مندر سنت شادارم صاحب نے 1786 میں تعمیر کیا تھا جو 1708 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔
مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے 1974کے پاکستان بھارت پروٹوکول کے تحت ہر سال ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے پاکستان آتے ہیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کیےگئے ویزے دیگر ممالک سے ان تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کو دیےگئے ویزوں کے علاوہ ہیں۔