وزیراعظم کی ہدایت پر افغانستان کی صحت کی ضروریات پوری کر رہے ہیں: فیصل سلطان

پاکستانی دوا ساز اداروں کی جانب سے 16 کروڑ روپے کی ادویات اور طبی ساز و سامان افغانستان بھجوایا جا رہا ہے، معاون خصوصی برائے صحت— فوٹو: فائل
پاکستانی دوا ساز اداروں کی جانب سے 16 کروڑ روپے کی ادویات اور طبی ساز و سامان افغانستان بھجوایا جا رہا ہے، معاون خصوصی برائے صحت— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستانی دوا ساز اداروں کی جانب سے 16 کروڑ روپے کی ادویات اور طبی ساز و سامان افغانستان بھجوایا جا رہا ہے جس پر فارما کمپنیوں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر افغانستان میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، افغانستان میں تربیت یافتہ طبی عملے کی فراہمی یقینی بنانے کی پوری کوششیں کر رہے ہیں۔

فیصل سلطان نے یہ بات آج پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس نے وفاقی وزارت صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو ادویات اور طبی ساز و سامان پر مشتمل 9 ٹرک حوالے کیے۔

اس موقع پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف، سابق چیئرمین اسد شجاع، امان اللہ شیخ، عثمان شوکت، حامد رضا، حسیب خان ،عاطف اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔

پاکستانی فارما انڈسٹری کی جانب سے افغانستان کے لیے جمع کی گئی ادویات اور طبی ساز و سامان کی مالیت تقریباً 16 کروڑ روپے ہے جبکہ مزید کمپنیوں کی جانب سے ادویات و آلات کی صورت میں عطیات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو ادویات، آلات اور تربیت یافتہ طبی عملے کی شدید ضرورت ہے اور حکومت پاکستان افغانستان کو تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ضروریات پورا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صحت کی ضروریات پورا کرنے کے لیے سخت ہدایات دی ہیں جس کے بعد ہیلتھ سروسز  اکیڈمی اسلام آباد ، افغانستان میں طبی عملے کی تربیت کے لیے کام شروع کر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادویات اور آلات سے بھرے 9 ٹرک افغانستان کے  وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد کے حوالے کردیے جائیں گے جب کہ افغانستان میں پاکستان کی جانب سے قائم اسپتالوں کو فعال بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

پی پی ایم اے کے چیئرمین قاضی منصور دلاور کا کہنا تھا کہ پاکستانی فارما انڈسٹری افغانستان کی صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی، پاکستانی کمپنیوں نے 16 کروڑ روپے کی ادویات اور طبی سازو سامان جمع کیا ہے جبکہ مزید کمپنیوں کی جانب سے ادویات اور طبی سازو سامان آنے کا سلسلہ جاری ہے جو کہ وقتاً فوقتاً افغانستان بھجوایا جاتا رہے گا۔

مزید خبریں :