24 دسمبر ، 2021
رواں ہفتے کم آمدن والے طبقے کیلئے مہنگائی کی مجموعی شرح 22 فیصد رہی، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 23 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں ، ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 118 روپے مہنگا ہوا۔
ملک میں مہنگائی مزید بڑھ گئی، ایک ہفتے کے دوران مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) ، جلانے والی لکڑی، چینی، دالیں، ٹماٹر، انڈے، گوشت، تازہ دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.83 فیصد رہی، سب سے کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 21.92 فیصد رہی ۔
ایل پی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت 118 روپے 3 پیسے بڑھ گئی اور قیمت 2 ہزار 463 روپے سے زائد ہو گئی۔
چینی کی فی کلو اوسط قیمت میں ایک روپے 32 پیسے اضافہ ہوا، انڈوں کی اوسط قیمت 5 روپے 30 پیسے اضافے کے بعد 185 روپے 21 پیسے فی درجن ہو گئی۔ ٹماٹر 5 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔
رواں ہفتے کے دوران دال مسور 3 روپے 47 پیسے،دال مونگ 12 پیسے، دال ماش 35 پیسے، دال چنا 50 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
آگ جلانے والی لکڑی کی فی من قیمت 3 روپے 43 پیسے اضافے کے بعد 788 روپے 13 پیسے ہو گئی۔ بیف 2 روپے،مٹن 6 روپے 23 پیسے مہنگا ہوا۔
ایک ہفتے کے دوران چکن ،لہسن ،کیلے، تازہ دودھ، دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، آلو 2 روپے 45 پیسے فی کلو، پیاز ایک روپے 6 پیسے فی کلو سستا ہو گیا۔ گندم ،گُڑ ،سرخ مرچ کی قیمت میں بھی کمی آئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔