پاکستانی نژاد امریکی خاتون کا قتل، سابق شوہر نے جائیداد کے تنازعے کا اعتراف کرلیا

اسلام آباد: پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے قتل کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مقتولہ کے سابق شوہر رضوان نے اعتراف کیا ہے کہ جائیداد پر تنازع تھا جس کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ وجیہہ ڈی ایچ اے راولپنڈی کا گھر اپنے نام کرانا چاہتی تھی ، وجیہہ نے میرا فون نمبر بلاک کر رکھا تھا ، بہنوں کے ذریعے رابطہ کرکے وجیہہ کو امریکا سے آنے پر قائل کیا۔

جیو نیوز نے وجیہہ اور رضوان کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والے گھر کی تصویر بھی حاصل کرلی۔

ذرائع کے مطابق سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ کے قتل کا اعتراف پولیس تفتیش کے دوران کیا۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ وجیہہ کو 16 اکتوبر کوہی قتل کردیا گیا تھا، ملزم رضوان نے اس کی لاش ہنگو میں دفن کی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم رضوان کے والد کو بھی قتل میں مدد کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آر پی او راولپنڈی کی ہدایت پر پولیس ٹیم لاش برآمدگی کیلئے ہنگو روانہ ہوگئی ہے۔

سی پی او کا کہنا تھاکہ 16 اکتوبر کو وجیہہ پاکستان آئی اور ان کےشوہر نے انہیں ریسیو کیا جبکہ لکی مروت کے علاقے پیضُو سے وجیہہ کی میت مل گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وجیہہ کیس میں رضوان حبیب، اس کا والد اور ایک ملازم گرفتار ہیں۔

مزید خبریں :