15 جنوری ، 2012
کراچی…حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چہلم کے موقع پر ملک بھرمیں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ لاہور اور کوئٹہ میں ماتمی جلوس منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جلوسوں کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔لاہور میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چہلم کا مرکزی جلوس اندرون شہر دہلی گیٹ حویلی الف شاہ سے شروع ہوا۔ جلوس کے شرکاء شام کے بعد کربلا گامے شاہ پہنچیں گے جہاں جلوس کا اختتام ہو گا۔راولپنڈی میں چہلم کا جلوس امام بارہ گاہ عاشق حسین سے نکالا جائے گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدمی پہنچے گا۔کراچی میں مارٹن روڈ پر واقع امام بارگاہ شاہ نجف سے چہلم امام حسین ? کا جلوس شروع ہوگیا ہے جو نشترپارک سے نکلنے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا۔ مرکزی جلوس کا آغاز کچھ دیر میں ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی سے ہوگا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا۔ جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر اشرف زیدی اور دیگر رہنماوٴں کی قیادت میں علم دار روڈ سے نکالا گیا۔ جلوس کے شرکاء طے شدہ راستوں سے ہوتے ہوئے علم دار روڈ پہنچیں گے جہاں سہ پہر کے وقت بہشت زہرہ قبرستان پر جلوس کا اختتام ہوگا۔