27 دسمبر ، 2021
آئندہ سال برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان پہنچ گئی۔
برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے کے سفر کا آغاز 7 اکتوبر کو بکنگھم پیلس سے ہوا تھا، یہ بیٹن سیشلز سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی۔
آج کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاوسن نے بیٹن باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کی۔
پاکستان کی جانب سے اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے بیٹن وصول کی۔
اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں عارف حسن نے کہا کہ کوئنز بیٹن ریلے کا پاکستان آنا خوشی کی بات ہے، یہ پاکستان اسپورٹس کیلئے بڑا دن ہے، پاکستانی اسپورٹس پرسنز برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کے شدت سے منتظر ہیں۔
برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاوسن نے کہا کہ بیٹن ریلے کے پاکستان آنے پر خوش ہیں، امید ہے اگلے دو روز اچھے ایونٹس ہوں گے۔
کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن کو باضابطہ وصول کرنے کے بعد عارف حسن نے اسے جہانگیر خان کے حوالے کیا۔
جہانگیر خان کے بعد حسن سردار، رشید الحسن، کلثوم ہزارہ، مہر اللہ، ارشد حسین اور بہرام آواری نے بھی اس بیٹن کو تھاما۔ پاکستان کے اسپیشل اور پیرا ایتھلیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کراچی میں بیٹن اگلے تین روز موجود رہے گی، کل کوئنز بیٹن ریلے صبح سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی لے جائی جائے گی جس کے بعد دوپہر ایک بیجے بیٹن کو مزار قائد لے جایا جائے گا۔
بدھ کو بیٹن ریلے کراچی کے ایک مقامی اسکول جائے گی جس کے بعد لیاری کے ایک پارک کا دورہ بھی شیڈولڈ ہے۔
سولہویں کوئنز بیٹن ریلے پاکستان کے بعد مالدیپ پہنچے گی اور 72 ممالک کا ایک لاکھ 40 ہزار طویل سفر کرکے دوبارہ انگلینڈ پہنچے گی۔