پاکستان
Time 06 جنوری ، 2022

پیپلز پارٹی نے27 فروری سے حکومت کیخلاف لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی نے27 فروری سے حکومت کے خلاف کراچی سے لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کردیا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ عوام دشمن اور معاشی حقوق پر حملہ ہے، حکومت کا زبردستی منی بجٹ منظور کرانےکا ارادہ ہے،  پیپلزپارٹی اپنے احتجاج کا اگلامرحلہ آج سے ہی شروع کر رہی ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 27 فروری کو کراچی میں مزار قائد سے مارچ شروع کرے گی، ہم ہرصورت اسلام آباد پہنچیں گے اور اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے، ہم کسانوں کے حق میں ریلیاں بھی نکالیں گے۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیاکہ ملک میں فوری ، صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائيں، ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات اور جمہوریت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سات سال فارن فنڈنگ چھپائی اس کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کی مزید تحقیقات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی نااہلی، نالائقی اور ناکامی پر وائٹ پیپر کو ہر جگہ پیش کریں گے، ہم اس جعلی حکومت کے خلاف دھاندلی کے ثبوت بھی سامنے لائیں گے، عمران خان کی سلیکشن پر ہماری پوزیشن کلیئر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سارے ادارے غیر جانبدار  رہیں، امید رکھتے ہیں کہ ہماری جدوجہد میں کسی کی طرف سے رکاوٹ نہیں ڈالی جائےگی۔

مزید خبریں :