پاکستان

چوہدری سالک وزیراعظم کی جانب سے انتظار کرائے جانے پر ناراض، ملے بغیر چلے گئے

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری سالک حسین کو ملاقات کیلئے بلایا تھا— فوٹو: فائل
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری سالک حسین کو ملاقات کیلئے بلایا تھا— فوٹو: فائل

وفاق میں تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی چوہدری سالک وزیراعظم کی جانب سے انتظار کرائے جانے پر ناراض ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری سالک پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر کے باہر کافی دیر ملاقات کیلئے کھڑے رہے اور  پھر ناراض ہوکر واپس چلے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری سالک حسین کو ملاقات کیلئے بلایا  تھا، چوہدری سالک کافی دیر تک وزیراعظم چیمبر کے باہر انتظار کرتے رہے اور پھر زیادہ انتظار کروانے  پر ناراض ہو کر واپس روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا اسٹاف چوہدری سالک حسین کو واپس جانے سے روکتا رہا اور وضاحت کی کہ طارق بشیر چیمہ اور پرویزخٹک سے وزیراعظم کی ملاقات کے  باعث آپ کی  ملاقات میں دیرہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

قومی اسمبلی میں منی بجٹ ان دنوں زیر بحث ہے اور ضمنی مالیاتی بل کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی اس گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں کوئی ذاتی مفاد نہیں، میرے کارخارنے نہیں،میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں۔

مزید خبریں :