13 جنوری ، 2022
کراچی میں مولوی تمیز الدین خان روڈ پر واقع کہکشاں سوسائٹی میں ضعیف العمر تاجر نے خودکشی کرلی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق واقعہ ڈاکس تھانے کی حدود میں مولوی تمیز الدین خان روڈ پرکہکشاں سوسائٹی میں پیش آیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق 69 سالہ امیرالدین ٹپال نے مبینہ طور پر اپنےگھر میں پوائنٹ 22 کے چھوٹے پستول سے منہ میں گولی چلائی۔
انہیں فوری طور پر کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں طبی امداد کے دوران ان کی موت واقع ہوگئی۔
فدا حسین جانوری کے مطابق واقعہ خودکشی ہے، متوفی بیمار تھے اور ڈپریشن کا شکار رہتے تھے۔
پولیس کے مطابق ان کے دیگر اہل خانہ بیرون ملک مقیم ہیں، وہ مذکورہ گھر میں اپنی بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔
نجی اسپتال سے ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، ڈاکس پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔