29 اکتوبر ، 2012
کراچی…کراچی میں گلبائی میں واقع کیمیکل فیکٹری میں گزشتہ شب لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے، جبکہ چوبیس گھنٹے سے لگی اس شدید آگ کے باعث اب فیکٹری کے مختلف حصے ٹوٹ ٹوٹ کر گررہے ہیں۔یاد رہے کہ اس فیکٹری میں کل رات بارہ بجے کے قریب آگ لگی تھی اور اب تک فائربریگیڈکی جانب سے آگ پر قابونہیں پایا جاسکا ہے۔اس صورتحال کے باعث فیکٹری کے مزدور کافی پریشان ہیں اور انھیں اپنا معاشی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اسکی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے، جبکہ عمارت کے گرنے کے خدشے کے باعث اب امدادی کارروائی بھی روک دی گئی ہے،اس سلسلے میں چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے اسی لی امدادی کارروائی روک دی گئی ہے،فیکٹری بڑی ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کی کوششیں ناکام ہورہی ہیں۔ادھر فیکٹری مالک خالد قاسم کا کہنا ہے کہ یہ آگ بہت محدود جگہ پر لگی تھی اگر اس پر اسی وقت موثر انداز میں قابو پالیا جاتا تو صورتحال اتنی مخدوش نہ ہوتی اور فیکٹری بچائی جاسکتی تھی،انھوں نے آگ پر قابو پانے کے حوالے سے سی اے اے کی ٹیم کی تعریف کی،مالک نے مزید کہا کہ ابتداء میں پانی تھا تو فوم نہیں تھا اور جب فوم دستیاب ہوا تو پانی نہیں ہے۔