29 اکتوبر ، 2012
کراچی…کراچی میں گلبائی میں واقع کیمیکل فیکٹری میں گزشتہ شب لگنے والی آگ پر 30 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ہے تاہم فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے بعض حصوں میں کیمیکل کی وجہ سے آگ دوبارہ بھڑکنے کا خدشہ برقرار ہے۔گذشتہ شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سائٹ کے علاقے گلبائی میں واقع کیمیکل فیکٹری میٹا ٹیکس میں ہولناک آگ بھڑک اُٹھی تھی جس نے پوری فیکٹری کو جلا کر خاکستر کردیا ہے۔فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے شہر بھر کی فائربریگیڈاستعمال کی جارہی تھیں،کیمیکل کے باعث فیکٹری میں لگی آگ بجھانے میں شدید دشواریوں کا سامنا رہا ، آگ نے عمارت کو بری طرح متاثر کیا اور وہ اب کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔اس صورتحال کے باعث فیکٹری کے مزدور کافی پریشان ہیں اور انھیں اپنا معاشی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے، جبکہ عمارت کے گرنے کے خدشے کے باعث اب امدادی کارروائی بھی روک دی گئی تھیں، چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے اس لئے امدادی کارروائی روک دی گئی تھیں،فیکٹری بڑی ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کی کوششیں موثر ثابت نہ ہوسکیں اورپوری عمارت جل کرخاکستر ہوگئی ۔ادھر فیکٹری مالک خالد قاسم کا کہنا ہے کہ یہ آگ بہت محدود جگہ پر لگی تھی اگر اس پر اسی وقت موثر انداز میں قابو پالیا جاتا تو صورتحال اتنی مخدوش نہ ہوتی اور فیکٹری بچائی جاسکتی تھی،انھوں نے آگ پر قابو پانے کے حوالے سے سی اے اے کی ٹیم کی تعریف کی،مالک نے مزید کہا کہ ابتداء میں پانی تھا تو فوم نہیں تھا اور جب فوم دستیاب ہوا تو پانی نہیں ہے۔