16 جنوری ، 2022
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹاؤن شپ لاہورمیں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ناشتےکی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھاکہ ملک میں پلس مائنس کی کوئی گنجائش نہیں، تمام مسائل کا حل یہی ہےکہ عمران خان گھر چلےجائیں اور نئے انتخابات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بین الاقوامی بھکاری بن گئے ہیں، مانگے تانگے کی حکومت چلنے کے قابل نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے ڈیزل اورپیٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر3 روپے فی لیٹراضافہ کر دیا، مہنگائی کے مارے عوام بےحال ہو چکےہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سب خرابیوں کی جڑ ہے، یہ کہتے تھے ہمارے پاس معیشت کے سقراط موجود ہیں، یہ لوگ پرانے پرزے نئی مشین میں فٹ کر کے چلا رہے ہیں۔