02 فروری ، 2022
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مدرسے پر بجلی کے تار گرپڑے، کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں مدرسے پر بجلی کے تار گرے، جس کی زد میں آکر ایک بچہ جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور دیگر ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی وہاں جمع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعےکے وقت متاثرہ بچے مدرسے کی پہلی منزل پر کھیل رہے تھے، زخمی بچوں کو گلشن اقبال میں واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے تاروں میں خرابی کی کئی بار شکایت کی مگر خرابی دور نہیں کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق بچے کی شناخت 10سالہ عبداللّہ کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں 4سالہ خالد، 4سالہ حسن،7سالہ عمر، 10سالہ ہارون، 10سالہ احمد، 11سالہ نور، 11سالہ اسد اور 12سالہ سیف اللّہ شامل ہیں۔
کے الیکٹرک نے افسوس ناک حادثے کے متاثرین اور ان کے خاندان سے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند بچوں نے کھیلنے کے دوران بجلی کے تار کو چھونے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ان کو بجلی کا جھٹکا لگا۔
کے الیکٹرک کے مطابق واقعے کی اطلاع جیسے ہی موصول ہوئی کے الیکٹرک کی مقامی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو محفوظ کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد کسی بھی مقام پر تار نہیں ٹوتے تھے اور کےالیکٹرک کا نیٹ ورک مکمل طور پر بحال تھا، جائے وقوعہ پر بجلی کی فراہمی حفاظتی اقدامات کے تحت مختصر عرصے کے لیے بند کی گئی تھی جس کو متعلقہ ٹیم سے کلیئرنس ملنے کے بعد بحال کر دیا گیا۔