03 فروری ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسزکے کیمپوں پر دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے دہشتگردوں کے حملے پسپا کرنے پرسکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی دہشتگردی کے مقابلےکی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،دہشتگردی کے خاتمے میں سیکورٹی فورسز کے عزم وحوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔
وزیر داخلہ نے بتایاکہ حملے میں نوشکی میں 9 دہشتگرد مارے گئے اور پنجگور میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے، نوشکی میں مقابلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجگور میں 4 سے 5 دہشتگرد اس وقت بھی گھیرے میں ہیں، پاک فوج دہشتگردوں کو شکست فاش دے گی۔