03 فروری ، 2022
چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے عدالتی و حکومتی احکامات کے باوجود عہدے سے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا ہےجس سے بورڈ میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نےسندھ حکومت کو بورڈ میں قواعد کے مطابق نیا چیئرمین لگانےکا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کے تحت سندھ حکومت نے قواعد و ضوابط کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جلد اخبارات میں اشتہار بھی جاری کیا جائےگا۔
دوسری جانب عدالتی فیصلے کے باوجود سابق چیئرمین پرویز بلوچ نے بورڈ کے عہدےکا چارج چھوڑنے سے انکار کردیا ہے جس پر حکومت سندھ نے پرویز بلوچ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ادھر افسران نے بھی چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ پرویز بلوچ کے احکامات ماننے سے انکار کردیا ہے اور بورڈ میں انتظامی بحران سے آئندہ تعلیمی سال کتابوں کی عدم دستیابی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔