Time 03 فروری ، 2022
پاکستان

اٹارنی جنرل پاکستان کا نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو خط

سابق  وزیراعظم نواز  شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل آفس نے ہوم سیکرٹری  پنجاب کو خط لکھ دیا۔

اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے ہوم سیکرٹری پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے نواز شریف کی صحت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں 28 جنوری کو نئی دستاویز جمع کرائی ہے، پنجاب حکومت کے قائم کردہ میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی دستاویز فراہم کی جائے تاکہ میڈیکل بورڈ نواز شریف کی صحت اور سرگرمیوں سے متعلق اپنی رائے دے سکے۔

اٹارنی جنرل آفس نے لکھا ہےکہ پنجاب حکومت کے قائم کیےگئے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی مزید رپورٹس طلب کی تھیں،میڈیکل بورڈ نواز شریف کی صحت اور سرگرمیوں سے متعلق اپنی رائے دے گا،میڈیکل بورڈ کی رائے آنے کے بعد اٹارنی جنرل آفس شہباز شریف کے خلاف کارروائی کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرےگا۔

اٹارنی جنرل آفس کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کی وطن واپسی کے ضامن شہباز شریف ہیں، وفاقی کابینہ نے اٹارنی جنرل آفس کو بیان حلفی کی خلاف ورزی پر شہباز شریف کے خلاف کاروائی کی ہدایت کر رکھی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو لاہور ہائی کورٹ نے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کرانےکی اجازت دی تاہم نواز شریف میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت مند ہونے کے باوجود وطن واپس نہیں آرہے۔

مزید خبریں :