Time 10 فروری ، 2022
پاکستان

نوابشاہ یونیورسٹی میں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کر دیا جاتا ہے: نرسنگ ہاؤس آفیسر کا الزام

نوابشاہ: پیپلز میڈیکل یونیورسٹی میں نرسنگ ہاؤس آفیسر پروین رند نے ڈائریکٹر اور  وارڈن پر  زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

نوابشاہ میڈیکل یونیورسٹی کی میڈیکل ہاؤس آفیسر پروین رند نےگزشتہ روز ڈائریکٹر اور وارڈن کے خلاف تشدد و ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا تھا۔

ایم ایل او ڈاکٹر نازیہ مگسی کا کہنا ہے کہ نرسنگ ہاؤس آفیسر پروین رند کے گلے اور ہاتھوں پر چوٹ کے نشان ہیں، پروین رند کے گال پر بھی سوجن ہے۔

نوابشاہ پریس کلب پر دھرنا دینے والی پروین رند کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلز میڈیکل یونیورسٹی میں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہراسمنٹ کی شکار لڑکیوں کو قتل کیا جاتا ہے، لاش پنکھے میں لٹکا دی جاتی اور خودکشی کا رنگ دیا جاتا ہے۔

پروین رند نے مطالبہ کیا کہ وائس چانسلر، ڈائریکٹر یونیورسٹی اور وارڈن کو گرفتار کیا جائے، کل وارڈن فرحین اور عاتقہ نے مجھے مارا، میں لطیف ہال بھاگی، مجھے مار کھاتے اسٹوڈنٹس نے بھی دیکھا ہے۔

دوسری جانب وائس چانسلر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گلشن میمن کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی جائےگی۔

مزید خبریں :