11 فروری ، 2022
اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقرکو ملنے والی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کو ملنے والی تنخواہ کی تفصیلات سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر فراہم کی گئیں۔
جیونیوز نے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو ملنے والی تنخواہ سے متعلق دستاویزات حاصل کرلی ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے دی جانے والی تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو ماہانہ 25 لاکھ روپے تنخواہ مل رہی ہے اور ان کی تنخواہ میں سالانہ 10 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کو فرنشڈ گھر یا اس کے برابر کرایہ اور مرمتی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ان کے پاس ڈرائیور سمیت دو گاڑیاں ہیں جب کہ 600 لیٹر پیٹرول دیا جاتا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کو بجلی، گیس، پانی اور جنریٹر کے اخراجات فراہم کیے جاتے ہیں اور ان کے بچوں کی 75 فیصد فیس ادا کی جاتی ہے جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک کو مفت لینڈ لائن، موبائل فونز اور انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ گورنر اسٹیٹ بینک 4 ملازمین رکھ سکتے ہیں اور ہر ملازم کی تنخواہ 18 ہزار روپے ماہانہ ہے، گورنر کو 24 گھنٹے سکیورٹی اور سکیورٹی گارڈز کی سہولت حاصل ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کو مکمل علاج کی سہولت حاصل ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کو ہر ماہ تین دن چھٹی کی سہولت حاصل ہے، ان کی گریجویٹی ایک ماہ کی تنخواہ سالانہ ہے، ان کو ٹرانسفر کے لیے خاندان سمیت ائیر ٹکٹ اور سامان منتقلی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک کو کلب کی ماہانہ چارجز سمیت سہولت حاصل ہے۔