12 فروری ، 2022
کراچی پولیس چیف عمران یعقوب کو عہدے سے کیوں ہٹایا گیا؟ اس کی ممکنہ وجوہات سامنے آئی ہیں۔
عمران یعقوب کو کراچی پولیس چیف کے عہدے سے ہٹائے جانے کی وجوہات جیو نیوز نے معلوم کر لیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس معاملے کا آغاز سندھ حکومت کی اہم شخصیت کی ناراضی سے ہوا، اہم شخصیت نسلہ ٹاور کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپے پر ناراض تھی اور چھاپے پر سابق کراچی پولیس چیف اور اہم شخصیت کے درمیان بحث بھی ہوئی تھی۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ دوسری وجہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی اور کارکنوں پر طاقت کا استعمال تھا جبکہ اسٹریٹ کرائمز اور اس کی رپورٹنگ بھی ایک وجہ بنی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران یعقوب اپنی خواہش پر کراچی پولیس چیف آئے بھی نہیں تھے بلکہ اعلیٰ پولیس حکام نے انھیں اس پوسٹ کیلئے راضی کیا تھا اور جب ہٹائے جانے کا علم ہوا تو عمران یعقوب نے تبادلے پربا آسانی حامی بھی بھرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران یعقوب کی جگہ غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا۔