15 فروری ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر غیر مناسب ٹرینڈ پر وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم منصوبے کا معاملہ کابینہ کےسامنے رکھا اور وزیراعظم کو تجویز دی کہ کالاباغ ڈیم پر کابینہ کمیٹی بنائی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مونس الٰہی کی تجویز کی مخالفت کی اور کہا کہ سندھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، کالا باغ ڈیم پر پہلےہی مخالفت ہے اور کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کے معاملے پر وزرا بول پڑے اور عمران خان کے خلاف غیر مناسب ٹرینڈ پر وفاقی وزیراعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز شاہ نے کہا غیرمناسب ٹرینڈ سے متعلق سوشل میڈیا دیکھ کر دکھ ہوا، آئی بی کا سربراہ رہا کبھی منتخب وزیراعظم کےخلاف ایسی مہم نہیں دیکھی۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اورفیملی پر ذاتی حملےکسی تہذیب یافتہ معاشرے کےعکاس نہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے بھی سوشل میڈیا پر جاری مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور رائے دی کہ سوشل میڈیا کے سخت قوانین ہونا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے بھی سوشل میڈیا پر غیرمناسب ٹرینڈ پر ناراضی کا اظہار کیا اور غیرمناسب ٹرینڈ کی روک تھام کی ہدایت کی۔