پاکستان

کابینہ اجلاس میں مونس الٰہی کی کالا باغ ڈیم سے متعلق تجویز، وزرا نے مخالف کردی

کالا باغ ڈیم پر پہلے ہی مخالفت ہے اور کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے، وزرا کا مؤقف— فوٹو:فائل
کالا باغ ڈیم پر پہلے ہی مخالفت ہے اور کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے، وزرا کا مؤقف— فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم منصوبے کا معاملہ کابینہ کےسامنے رکھا اور وزیراعظم کو تجویز دی کہ کالاباغ ڈیم پر کابینہ کمیٹی بنائی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مونس الٰہی کی تجویز کی مخالفت کی اور کہا کہ سندھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، کالا باغ ڈیم پر پہلے ہی مخالفت ہے اور کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے۔

وفاقی وزرا کا وزیراعظم کیخلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم پر تشویش کا اظہار 

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کے معاملے پر وزرا بول پڑے اور عمران خان کے خلاف غیر مناسب ٹرینڈ پر وفاقی وزیراعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز شاہ نے کہا غیرمناسب ٹرینڈ سے متعلق سوشل میڈیا دیکھ کر دکھ ہوا، آئی بی کا سربراہ رہا کبھی منتخب وزیراعظم کے خلاف ایسی مہم نہیں دیکھی۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اورفیملی پر ذاتی حملےکسی تہذیب یافتہ معاشرے کےعکاس نہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے بھی سوشل میڈیا پر جاری مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور رائے دی کہ سوشل میڈیا کے سخت قوانین ہونا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے بھی سوشل میڈیا پر غیرمناسب ٹرینڈ پر ناراضی کا اظہار کیا اور غیرمناسب ٹرینڈ کی روک تھام کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :