بھارت کی ایک اور سینیئر گلوکارہ انتقال کرگئیں

لیجنڈری بنگالی گلوکارہ سندھیا مکھرجی دل کا دورہ پڑنے سے 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ —فوٹو: فائل
لیجنڈری بنگالی گلوکارہ سندھیا مکھرجی دل کا دورہ پڑنے سے 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ —فوٹو: فائل 

بھارت: لیجنڈری بنگالی گلوکارہ سندھیا مکھرجی دل کا دورہ پڑنے سے  90 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگالی سیمی کلاسیکل گلوکارہ سندھیا مکھرجی، جنہوں نے معروف میوزک ڈائریکٹرز (ایس ڈی برمن، نوشاد اور سلیل چوہدری )کے ساتھ کام کیا تھا منگل کی شام کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ  سندھیا کو  27 جنوری کو باتھ روم میں گرنے اور گردن میں فریکچر ہونے کے باعث اسپتال میں  داخل کیا گیا تھا جبکہ وہ کورونا میں بھی مبتلا تھیں تاہم  بلڈ پریشر میں کمی کی وجہ سے انہیں کل صبح انتہائی نگہداشت کے یونٹ (ICU) میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

تاہم  شام  ساڑھے 7 بجے کے قریب  انہیں دل کا شدید دورہ پڑا جس کے بعد ان کی موت ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق کئی فلمی ایوارڈز اور نیشنل ایوارڈزحاصل کرنے والی گلوکارہ نے حال ہی میں بھارت کے بہترین سویلین ایوارڈ میں سے ایک  پدما شری کی پیشکش سے انکار کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سندھیا نے متعدد بھارتی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا تاہم انہیں زیادہ شہرت بنگالی گانوں سے ملی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 6 فروری کوبھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد دنیا کو خیرباد کہہ گئی تھیں جبکہ آج معروف موسیقار وگلوکار بپی لہری 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔